ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / آندھرا پردیش کے وزیر اعلیٰ چندرابابو نائیڈو کی اپیل: ’آبادی میں اضافے کے لیے زیادہ بچے پیدا کریں!‘

آندھرا پردیش کے وزیر اعلیٰ چندرابابو نائیڈو کی اپیل: ’آبادی میں اضافے کے لیے زیادہ بچے پیدا کریں!‘

Mon, 21 Oct 2024 10:28:30    S.O. News Service

وجئے واڑہ، 21/اکتوبر (ایس او نیوز /ایجنسی)آندھرا پردیش کے وزیر اعلیٰ چندرابابو نائیڈو نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ریاست میں آبادی کے توازن کو برقرار رکھنے کے لیے زیادہ بچے پیدا کریں۔ ان کے مطابق ریاست میں بزرگوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، جس سے آبادی کے ڈھانچے میں تبدیلیاں آ رہی ہیں۔ ہفتے کے روز اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ حکومت اس مسئلے پر قابو پانے کے لیے ایک جامع منصوبہ تیار کر رہی ہے۔ اس منصوبے کے تحت ایک نیا بل متعارف کرانے پر غور کیا جا رہا ہے، جس میں زیادہ بچوں والے خاندانوں کو خصوصی مراعات دی جائیں گی۔

وزیر اعلیٰ نے اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے کہا، ’’پہلے ہم نے ایسا قانون بنایا تھا جس کے تحت دو سے زیادہ بچے والے لوگ انتخاب نہیں لڑ سکتے تھے۔ ہم نے اب اس قانون کو ختم کر دیا ہے اور اب اس کی جگہ ایسا قانون لانے کا ارادہ ہے جس کے تحت صرف وہی افراد انتخاب لڑ سکتے ہیں جن کے دو سے زیادہ بچے ہیں۔ حکومت زیادہ بچے والے کنبوں کو مراعات دینے کے بارے میں غور و فکر کر رہی ہے۔‘‘

وزیر اعلیٰ نے ریاست کی کم ہوتی شرح پیدائش پر بھی تشویش کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہاں کی پیدائش کی شرح 1.6 فیصد ہے، جو قومی شرح 2.1 سے کافی کم ہے۔ اگر حالات یہی رہے تو 2047 تک یہاں بزرگوں کی آبادی کافی زیادہ ہو جائے گی۔ انہوں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صرف آندھرا پردیش کی بات نہیں ہے، ملک کے کئی دیہات ایسے ہیں جہاں صرف بزرگ ہی بچے ہوئے ہیں۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ویسے تو ہمارے پاس 2047 تک کا ڈیموگرافک ایڈوانٹج موجود ہے لیکن جنوبی ریاستوں، خاص طور پر آندھرا پردیش میں بڑھتی عمر والوں کی آبادی فکر میں ڈالنے والی بات ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ چین، جاپان سمیت کچھ یورپی ممالک بھی اس طرح کے مسائل کا سامنا کر رہے ہیں۔ جنوبی ہندوستان میں اس مسئلے کی اصل وجہ یہ ہے کہ نوجوان ریاست کو چھوڑ کر ملک کے دیگر حصوں میں یا بیرون ممالک ہجرت کر رہے ہیں۔


Share: